مردانہ اجارہ داری کے معاشرے میں سی ایم بننے کا سوچ نہیں سکتی تھی، مریم نواز

Calender Icon اتوار 29 مارچ 2026

لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کرسی تک پہنچنا آسان نہیں تھا،میری جہدوجہد کے سفر کو لوگ نہیں جانتے، ڈری سہمی لڑکی کا وزیراعلیٰ بننا آسان سفر نہیں، مردوں کی اجارہ داری کے معاشرے میں سی ایم بننے کا سوچ نہیں سکتی تھی، سچ یہ ہے کہ ہرجماعت، سیاسی جماعت پر مردوں کی اجارہ داری ہے۔

عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مرد حضرات بہت محنت کرتے ہیں مگر خواتین بیک وقت کئی امور کو متوازی لے کر چلتی ہیں، آفس میں سی ایم ہوتی ہوں لیکن گھر میں ایک ماں ہوتی ہوں، عورت پر اعتماد کریں گے تو وہ وہ کچھ کردکھائے گی جو آپ سوچ نہیں سکتے۔

مریم نواز نے کہا کہ خواتین کی خود مختاری،طاقت اورصلاحیت میرے دل کے قریب ہے، عورت کے لئے خودمختاری کا سفر آسان نہیں، میرا سفر بھی بحیثیت عورت دوسروں سے زیادہ مختلف نہیں، دور سے سب اچھا لگتا ہے لیکن ایسا بالکل نہیں ہوتا۔ اڈیالہ جیل میں تھی تو پتہ نہیں تھا کہ میرا جرم کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخصوص مائنڈ سیٹ سے لڑکر سامنے آئی اوراپنے آپ کو منوایا، جدوجہد کرنیوالی خواتین دوسروں کے لئے رول ماڈل بن سکتی ہیں، پنجاب بلکہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کیا، وزیراعلیٰ بننا ہر ماں،بہن اوربیٹی کیلئے اعزاز ہے۔ آج لوگ کہتے ہیں پنجاب اچھا پرفارم کررہا ہے کیوں پرفارم کررہا ہے اس کے پیچھے محنت ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی سڑکیں اورپارک سجے دیکھ کر ایسی خوش ہوتی ہوں جیسے ماں خوش ہوتی ہے، بہت مراعات یافتہ اوراچھے گھرسے تعلق ہونے کے باوجود میرے والد مشرقی روایات کے امین ہیں، والد اورچچا وزیراعلیٰ وزیراعظم کے عہدوں پر بارہا فائز رہے۔ یہ اعزاز تھا لیکن اس کے ساتھ ساتھ مشکل بھی بہت تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پارٹی کے لوگ کہتے تھے کہ مریم نواز صوبہ کیسے چلائے گی، بڑے کہتے تھے کہ مریم نوازکیسے بگڑے ہوئے نظام کو ٹھیک کرے گی، آج فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ لیڈر شپ صنفی امتیاز سے ماورا ہوتی ہے، بچیوں کو کوئی کہہ کہ آپ کسی سے کم ہیں تو یقین نہ کریں۔