صدر آصف علی زرداری کا خوراک کے ضیاع میں کمی اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور

Calender Icon پیر 30 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ زیرو ویسٹ کے موقع پر اپنے پیغام میں خوراک کے ضیاع میں کمی کو ہر سطح پر عملی ترجیح بنانے پر زور دیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ زیرو ویسٹ پر توجہ خوراک کے ضیاع کے مسئلے پر مرکوز ہے، جو عام شہری کی روزمرہ زندگی سے جڑا ایک اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈی تک پہنچنے سے پہلے خوراک کا خراب ہو جانا اور ناقص ذخیرہ کاری کے باعث فصلوں کا ضیاع ایک بڑا چیلنج ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریبات میں بچ جانے والی خوراک کو ضائع کرنا وسائل کا زیاں ہے، کیونکہ خوراک کے ضیاع کا مطلب پانی، زمین اور توانائی جیسے قیمتی وسائل کا نقصان بھی ہے۔ مزید برآں، لینڈفل میں جانے والی خوراک ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہے اور اس کا تعلق موسمیاتی تبدیلی سے بھی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک زرعی معیشت ہونے کے ناطے پاکستان کو بعد از برداشت نقصانات کم کرنا ہوں گے، جس کے لیے بہتر کولڈ چین اور ذخیرہ کاری کے نظام کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اضافی خوراک کو مستحق افراد تک پہنچایا جائے جبکہ سرکاری ادارے عملی مثال قائم کریں اور کاروباری ادارے ذمہ دارانہ ترسیل اور منصوبہ بندی کو اپنائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ گھریلو سطح پر محتاط خریداری اور درست ذخیرہ کاری کے ذریعے بھی خوراک کے ضیاع میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے ضیاع میں کمی ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور وسائل کے بہتر استعمال سے غذائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ماحول پر دباؤ کم کرنے کے لیے خوراک کا ذمہ دارانہ استعمال ناگزیر ہے۔