مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال: صدر، وزیراعظم، وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت آج سر جوڑ کر بیٹھے گی

Calender Icon پیر 30 مارچ 2026

اسلام آباد ( نیوزڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں ثالثی اور ملکی صورتحال پر غور و فکر کے لیے ایوان صدر میں آج پھر پاکستان کی قیادت سر جوڑ کر بیٹھے گی۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں بڑی بیٹھک ہوگی، صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں آج اہم اجلاس ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف اور اہم وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور وزرائے اعلیٰ کی شرکت بھی متوقع ہے، اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال زیر غور آئے گی، ایران ،امریکہ اسرائیل جنگ اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا صورتحال بھی زیر غور آئے گی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار چار ملکی وزراء خارجہ اجلاس پر اعتماد میں لیں گے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں ملک میں موجود پٹرولیم ذخائر اور ترسیل کا جائزہ بھی لیا جائے گا، کفایت شعاری پالیسی اور اقدامات پر عملدرآمد کا بھی جائرہ لیا جائے گا، ممکنہ سمارٹ لاک ڈائون اور دیگر اقدامات پر بھی یریفنگ دی جائے گی۔

آج کے اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے صوبوں کی تجاویز پرغور ہوگا، موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو سب سڈی دینے سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔