اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے منعقد ہوگا، جس کے لیے 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں صدر کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک بھی پیش کی جائے گی، جبکہ ایوان میں چار اہم بلز بھی پیش کیے جائیں گے۔
وزیر بجلی الیکٹرسٹی ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کریں گے، وزیر داخلہ مجموعہ تعزیرات پاکستان میں ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے، جبکہ وزیر خزانہ مالیاتی ذمہ داری و تحدید قرضہ ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی پیش کریں گے۔
سردار اویس لغاری بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے انضباط سے متعلق ایکٹ میں ترمیم پیش کریں گے، اور سینیٹر محمد اورنگزیب مالیاتی ادارے (بازیابی مالیات) ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے۔
اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی کی رپورٹ میں تاخیر کے حوالے سے عبدالقادر پٹیل تحریک پیش کریں گے۔
ایجنڈے میں یہ بھی شامل ہے کہ وزیر خزانہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق ششماہی اور نگرانی رپورٹس ایوان میں پیش کریں گے۔
علاوہ ازیں رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کی جانب سے ٹیکس محاصل میں کمی کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔












پیر 30 مارچ 2026 