واک پاکستان ملکی مثبت اور پرامن تشخص کو دنیا میں اجاگر کر یگی، رانا مشہود احمد

Calender Icon پیر 30 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوزڈیسک):چیئر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ’’ واک پاکستان‘‘ ملک کے مثبت اور پرامن تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، تمام بڑے شہروں میں قیام کے دوران ثقافتی تقریبات، مقامی سرگرمیاں اور یوتھ انگیجمنٹ پروگرامز منعقد کیے جائیں گے، اس کا آغاز مینارِ پاکستان لاہور سے ہوگا اور یہ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگی۔ پیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ بات چیئر مین رانا مشہود احمد خان نے اپنی زیر صدارت واک پاکستان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کہی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ہدایت پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیےواک پاکستان کا آغاز ایک اور بڑا قدم ہے، پروگرام کے تحت اس واک کے انعقاد کے لیے آج ابتدائی مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا، واک پاکستان کا مقصد نوجوانوں میں قومی یکجہتی، صحت مند طرزِ زندگی، ثقافتی ہم آہنگی اور حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واک پاکستان ملک کے مثبت اور پرامن تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، یہ واک پاکستان میں نوجوانوں کے لیے امید، اعتماد اور قومی فخر کا پیغام بنے گی ۔ان کا کہنا تھاکہ واک پاکستان میں تمام صوبوں کے نمائندے، خواتین، طلبہ، سپورٹس پرسنز، میڈیا اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واک پاکستان کی ثقافت، ورثے اور علاقائی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے قومی مہم ہوگی، تمام بڑے شہروں میں قیام کے دوران ثقافتی تقریبات، مقامی سرگرمیاں اور یوتھ انگیجمنٹ پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔چیئرمین پی وائی پی نے کہا کہ واک پاکستان کے ذریعے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور مقامی کاروبار میں نمایاں سرگرمیاں پیدا ہوں گی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ مہم پاکستان کی ٹوورازم انڈسٹری کے لیے نیا موقع ثابت اور ملک کے مثبت تشخص کو مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں کے تاریخی مقامات اور قدرتی حسن کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کیا جائے گا، واک میں شامل ہونے کے لیے نوجوان “ڈیجیٹل یوتھ ہب” پر رجسٹر ہوں گے، اس کا آغاز مینارِ پاکستان لاہور سے ہوگا اور یہ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان واک 14 سے 18 دنوں میں مکمل جبکہ سکیورٹی اور لاجسٹک پلاننگ انتہائی پروفیشنل انداز میں مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واک پاکستان کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اتحاد، ترقی اور امن کا پیغام دے گی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ واک پاکستان کے ذریعے دنیا کو بتایا جائے گا کہ پاکستان کا نوجوان باشعور، مثبت اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔نوید شیروانی ,صبا حت رفیق اور کامران لاشاری”واک پاکستان” کے لیے تشکیل دیے گئے ورکنگ گروپ کا حصہ ہوں گے۔