اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ وہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم دورے کے دوران دونوں رہنما پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور اسٹریٹجک شراکت داری کا جامع جائزہ لیں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص اقتصادی تعاون، تجارتی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی روابط کے تناظر میں یہ ملاقات نہایت اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا رواں سال بیجنگ کا یہ دوسرا دورہ ہے، جو پاکستان اور چین کے مابین مسلسل اعلیٰ سطحی رابطوں اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔