اسحاق ڈار کا دورۂ چین، مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کم کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر غور

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

بیجنگ/اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ایک روزہ اہم دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان تنازع پر اعلیٰ سطحی مشاورت کریں گے۔

یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لینا اور قیامِ امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی کی کوششوں اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے جیسے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔

اس دورے سے قبل اسلام آباد میں اسحاق ڈار نے ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی تھی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کو ہی واحد راستہ سمجھتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے اس دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان قریبی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک خطے میں استحکام، جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔ بیجنگ میں ہونے والی ملاقاتوں میں سمندری راستوں کی سلامتی اور عالمی امن کے فروغ پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ اسحاق ڈار نے اپنی علالت کے باوجود اسے قومی اور علاقائی مفاد کے پیش نظر ضروری سمجھتے ہوئے مکمل کیا، جو پاکستان کی سفارتی ترجیحات کو واضح کرتا ہے۔