چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک، عوام کو خبردارکردیا

Calender Icon منگل 31 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوزدیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے، جس کے بعد انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کے نمبر سے موصول ہونے والے کسی بھی مالی پیغام یا درخواست کو نظر انداز کریں اور کسی بھی قسم کا لین دین نہ کریں۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹایکس پر بتایا کہ 31 مارچ 2026 کو صبح تقریباً 11 بجے ان کا واٹس ایپ نمبر ہیک کیا گیا، جس کے بعد ہیکرز نے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر کے ان کے کانٹیکٹس کو مالی مدد کے جھوٹے پیغامات بھیجے، حالانکہ اکاؤنٹ ان کے فون سے ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس معاملے کی اطلاع ایف آئی اے اور متعلقہ حکام کو دے دی گئی ہے تاکہ سائبر کرائم ونگ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جانب سے کسی بھی قسم کی مالی درخواست نہیں کی گئی اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے مشکوک پیغامات کو نظر انداز کریں۔

اسی دوران بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے اطلاعات کے باوجود اہلخانہ انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دے رہا، جو کہ افسوسناک ہے۔

یہ واقعہ پاکستان میں ڈیجیٹل سیکیورٹی اور عوامی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے تحفظ کے حوالے سے اہم سوالات اٹھا رہا ہے، اور عوام سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ سائبر دھوکہ دہی کے پیغامات کے حوالے سے ہوشیار رہیں۔