اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی اور مختلف جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِاعظم نے رانا مشہود احمد خان کی قیادت میں پی ایم یوتھ پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں۔
وزیرِاعظم نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے اور انہیں معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو تکنیکی اور فنی تربیت فراہم کرنے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ وہ ملکی اور عالمی سطح پر بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں حالیہ اصلاحات کے بعد فنی تربیت کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوجوان افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے نیوٹیک کے ذریعے شروع کیے گئے جامع تربیتی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت دینا اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بن سکیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور وزارتِ خارجہ مل کر بیرون ملک نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں، جبکہ آئی ٹی، صحت، تعمیرات، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں ملازمت کے امکانات موجود ہیں۔
اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ پی ایم یوتھ ہب قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملازمت کے مواقع سے متعلق معلومات کے لیے مرکزی پلیٹ فارم بن چکا ہے، جہاں نوجوانوں کو رہنمائی اور مواقع تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک کی 282 جامعات سے فارغ التحصیل طلبہ کی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے ٹریکنگ کر رہا ہے تاکہ یہ ریکارڈ رکھا جا سکے کہ کتنے گریجویٹس کو روزگار حاصل ہوا۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر مستقبل کی تعلیمی پالیسی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ تکنیکی تعلیم کے فروغ کے لیے وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت 32 تعلیمی اداروں میں میٹرک ٹیک متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں اسی طرز پر انٹر ٹیک پروگرام بھی شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر احسن اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور چیئرمین ایچ ای سی سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے عمل کو مزید مربوط اور تیز کیا جائے تاکہ ملک کی افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔












بدھ 1 اپریل 2026 