زین ملک کا نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت

Calender Icon بدھ 1 اپریل 2026

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نے اپنے نئے البم میں لیجنڈری پاکستانی گلوکار نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

زین ملک نے حال ہی میں ’ٹریک اسٹار شو‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے نئے البم ’کوناکول‘ کے بارے میں بات کی۔

شو کے دوران ایک سیگمنٹ میں گلوکار کے لیے کچھ گانے چلائے گئے اور گانے سن کر گانوں اور انہیں گانے والے گلوکاروں کے نام بتانے کو کہا گیا۔


اس سیگمنٹ میں نصرت فتح علی خان کا ایک کلاسک گانا بھی چلایا گیا جس کی زین ملک نےصحیح شناخت کی اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ نصرت فتح علی خان کا میرے میوزک کیریئر پر بہت گہرا اثر ہے۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے نصرت فتح علی خان کے اعزاز میں اپنے نئے البم میں شامل ایک گانے کا نام ’نصرت‘ رکھا ہے، یہ اقدام قوال کی موسیقی کے نسلوں پر دیرپا اثر کو اجاگر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ زین ملک کا یہ نیا میوزک البم 17 اپریل کو ریلیز ہو گا جبکہ اس البم میں شامل ایک گانا ’سائیڈ ویز‘ 27 مارچ کو ریلیز ہو چکا ہے اور البم کی ریلیز سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

جس کے بعد اب مداحوں کو برطانوی گلوکار کے البم کی ریلیز کا انتہائی بے صبری سے انتظار ہے۔