آپریشن غضب للحق جاری، پاکستان کے ذریعے سے ایران پر دباؤ ڈلوانے کی بات غلط ہے، ترجمان

Calender Icon جمعرات 2 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ترجمان دفترخارجہ طاہرحسین اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے گروپ کو کسی قسم کے فوجی اتحاد سے تشبیہ دینا قبل از وقت ہے۔ پاکستان کے ذریعے سے ایران پر دباؤ ڈلوانے کی بات غلط ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان، امریکا ، یورپی شراکت داروں، خلیجی ممالک سے رابطے میں ہے، ہمارے جن ممالک سے رابطے ہیں ان میں سے بعض کےاسرائیل سے سفارتی تعلقات بھی ہیں۔

طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان کے ذریعے سے ایران پر دباؤ ڈلوانے کی بات غلط ہے، ایران آزاد اورخود مختار ملک ہے اس کی اپنی پالیسیز ہیں، ایران کی جانب سےروزانہ 2 پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی گئی، فی الحال پاکستانی جہازوں کی نقل و حرکت کا شیڈول موجود نہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہبازشریف سے اظہار تشکر کیا، ایرانی صدر نے ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے پر زور دیا، وزیراعظم کی 31 مارچ کو یورپین کونسل کے صدر انٹونیوکوسٹا سے بات ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین 5 نکات کو نہ صرف خطے بلکہ باہر سے بھی سراہا گیا، امریکی حکام کی طرف سے بھی بات چیت کے حق میں بیانات سامنے آئے ہیں، پاک چین 5 نکات دشمنی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے ہیں۔

“آپریشن غضب للحق جاری ہے، کوئی تبدیلی نہیں آئی”

طاہرحسین اندرابی نے کہا کہ پاکستانی وفد نے ارمچی میں افغان حکام کے ساتھ بات چیت کی ہے، ارمچی میں ورکنگ لیول پر بات چیت ہو رہی ہے، ارمچی میں بات چیت میں حصہ لینا پاکستان کے موقف کا تسلسل ہے۔ افغانستان کےمعاملے پر چین کے کردار اور کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغان سرزمین کا اپنے خلاف استعمال روکنا چاہتا ہے، افغانستان کی جانب سےاظہارتو ہےمگرعملی طور پر بھی ہونا چاہیے، طالبان نے ایسا ہی اظہار دوحا معاہدے میں بھی کیا تھا مگرعملی طورپردکھائی نہیں دیا، ہمیں افغان سرزمین کےدہشتگردی کیلئےاستعمال نہ ہونے کی تحریری ضمانتیں درکارہیں، آپریشن غضب للحق جاری ہے، کوئی تبدیلی نہیں آئی۔