ایف بی آر، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، کنٹنٹ کریٹرزکو ٹیکس نیٹ میں لانےکافیصلہ

Calender Icon جمعرات 2 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سوشل میڈیا سےبھاری پیسہ کمانے والےایف بی آرکےریڈارپرآگئے، ایف بی آر نےتمام سوشل میڈیا انفلوئنسرز،کنٹنٹ کریٹرزکو ٹیکس نیٹ میں لانےکافیصلہ کرلیا۔

ایف بی آر کے مطابق یو ٹیوبرز،ٹک ٹاکرز اور انسٹاگرام انفلواینسرززد میں آئیں گے، ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز2002 میں ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا ہے،قانون کا اطلاق سوشل میڈیا سے پیسہ کمانے والے پاکستانی شہریوں پر ہو گا ، سوشل میڈیا سے آمدن، اسپانسرشپ یا ایڈ سے انکم پر بھی قانون لاگو ہو گا، قانون کا اطلاق سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کے ساتھ انٹریکشن پر ہو گا۔

دستاویز کے مطابق قابل ٹیکس آمدن کا تعین سوشل میڈیا سے کمائی و اخراجات کی بنیاد پر ہو گا، اوسط ویوزاور سال بھر کی سوشل میڈیا پوسٹس کا حساب کیا جائےگا۔ مخصوص فارمولے کے تحت انکم ٹیکس ادا کرنا ہو گا، سالانہ انکم ٹیکس گوشواروں میں بھی الگ سے یہ انکم ظاہر کرنا ہو گی، اس مسودے پر ایک ہفتے میں اعتراضات یا سفارشات دینے کی ڈیڈ لائن مقرر ہے، اعتراضات، تجاویز، سفارشات آنے کے بعد ترامیم کو حتمی شکل دی جائےگی۔