پاکستان میں ٹیلی کام نظام پر بڑے سائبر حملوں کا خدشہ، گائیڈ لائنز جاری

Calender Icon جمعرات 2 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان میں ٹیلی کام نظام پر بڑے سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی اے نے وارننگ جاری کردی ہے، سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے نئی گائیڈ لائنز بھی دے دی گئیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں ٹیلیکام انفرا اسٹرکچر پر ممکنہ بڑے سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر ٹیلی کام انڈسٹری کیلئے جامع گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ٹیلیکام سیکٹر ڈیجیٹل تبدیلی، ای گورننس، مالیاتی نظام اور قومی سلامتی کی بنیاد ہے، جبکہ سائبر حملے اہم مواصلاتی نظام کو متاثر کر کے قومی خدمات کو مفلوج کر سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ٹیلیکام سروسز کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے، تاہم کئی کمپنیوں کے سسٹمز اب بھی پرانی ٹیکنالوجی پر کام کر رہے ہیں، جس سے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ ٹیلیکام کمپنیاں نیٹ ورک سیکیورٹی کے جدید معیار اپنائیں اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیٹیکشن اور رسپانس ٹیکنالوجیز کا استعمال یقینی بنائیں۔

گائیڈ لائنز کے تحت کمپنیوں کو چھ ماہ کے اندر ڈی ڈاس ڈیٹیکشن اور بلاکنگ سسٹم نافذ کرنے، جبکہ ایک سال میں اسے نیشنل سرٹ کے ساتھ مربوط بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔