امریکی صدر کی ایران میں گرنے والے ایف 15 کے ویپن آفیسر کو بازیاب کروانے کی تصدیق

Calender Icon اتوار 5 اپریل 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں گرنے والے ایف 15 طیارے کے ویپن آفیسر کو بازیاب کروانے کی تصدیق کر دی۔

ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے امریکی تاریخ کا سب سے جراتمندانہ ریسکیو آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں درجنوں طیارے اور جدید ہتھیار استعمال کیے گئے، زخمی افسر کی حالت خطرے سے باہر ہے، ایک روز قبل ایک اور امریکی پائلٹ کو بھی خفیہ طور پر ریسکیو کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دشمن کے علاقے میں 2 الگ الگ کامیاب ریسکیو آپریشنز پہلی بار انجام دیے، ایرانی فضاؤں پر مکمل برتری حاصل ہے، یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی فوج دنیا کی سب سے مضبوط اور پیشہ ور فوج ہے، ہم جنگ لڑنے والے کسی امریکی کو پیچھے نہیں چھوڑیں گے، اس وقت تمام امریکیوں، ریپبلیکنز اور ڈیموکریٹس کو متحد ہونا چاہیے۔

دوسری جانب امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں گرائے گئے امریکی لڑاکا طیارے کا دوسرا پائلٹ امریکی ٹیموں کو مل گیا۔

قطری ٹی وی کو امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایف پندرہ طیارے کے ویپن سسٹم آفیسر کی تلاش کے دوران شدید جھڑپ ہوئی، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

امریکی ٹیمیں ایران سے محفوظ طور پر نکلنے کی کوششیں کررہی ہیں۔

علاوہ ازیں روسی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک اور امریکی ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا، ہیلی کاپٹر گرنے کی مشتبہ ویڈیو جاری کر دی۔