آپریشن “غضب للحق”فورسز کا کریک ڈائون، 796 دہشتگرد ہلاک، 1043 زخمی

Calender Icon اتوار 5 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک) آپریشن “غضب للحق” کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ، جن میں سرحدی علاقوں اور مختلف مقامات پر شدت پسند عناصر کے خلاف اہم پیش رفت کے دوران فتنہ الخوارج کے 796 کارندے ہلاک، 1043 زخمی ہوگئے

تازہ اپڈیٹ کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ متعدد چوکیاں اور ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی اہم مقامات کو نشانہ بنا کر ان کی آپریشنل صلاحیت کو کمزور کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھاری ہتھیاروں، گاڑیوں اور دیگر عسکری سازوسامان کو بھی نقصان پہنچایا گیا، جس سے شدت پسند گروہوں کی نقل و حرکت اور کارروائیوں پر اثر پڑا ہے۔

سرحدی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 2 اور 3 اپریل کی درمیانی شب غلام خان سیکٹر میں ایک سرحدی چوکی پر حملے کی کوشش کی گئی، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔ اس جھڑپ میں حملہ آوروں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے چوکی کا مکمل دفاع یقینی بنایا۔

حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانا اور ملک میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔