کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیر مملکت

Calender Icon اتوار 5 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اور گزشتہ 3 ہفتوں تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔ تاہم پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی جاری رہی۔ اور کہیں بھی قلت یا لمبی قطاروں کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپلائی چین برقرار رکھنے کے لیے متبادل انتظامات کیے۔ اور بڑھتی قیمتوں کو روکنے کے لیے 129 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ جن میں موٹر سائیکل صارفین، کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے سبسڈی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری سے بچائے گئے وسائل عوامی ریلیف پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ میٹرو بس سروس کو بھی مفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔