وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی ملاقات

Calender Icon منگل 7 اپریل 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کے لیے جاری حکومتی منصوبوں اور ان کی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین یوتھ پروگرام نے وزیراعظم کو مختلف منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور تکنیکی تربیت کے شعبوں میں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہیں، اس لیے ان کی ترقی اور فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار، معیاری تعلیم اور فنی و تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں ایک باصلاحیت اور قابل اعتماد افرادی قوت کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔