اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی مؤثر اور شاندار سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر اس کی بھرپور پذیرائی جاری ہے، جبکہ بھارت میں اس پیش رفت پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے اور وہاں سیاسی و میڈیا حلقوں میں مایوسی اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ثالثی سے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور امن کی پیش رفت نے عالمی سطح پر پاکستان کو ایک اہم اور ذمہ دار کردار کے طور پر سامنے لایا ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا اور سیاسی حلقے اس صورتحال پر شدید تنقید اور تذبذب کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔
سنگاپور کے معروف جریدے The Straits Times نے اپنی رپورٹ میں بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں پر ہونے والی تنقید کو نمایاں کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حلقوں میں مودی حکومت کی سفارتی حکمت عملی کو ناکام قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی سیاستدان سنجے جاہ نے کہا کہ مودی حکومت شدید ناکامی کا شکار ہوئی ہے جبکہ پاکستان دنیا کو بڑے خطرات سے نکالنے میں کامیاب رہا ہے۔ اسی طرح بھارتی رہنما ششی تھرور نے بھی اعتراف کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک مؤثر سیکیورٹی فراہم کرنے والے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔
دفاعی تجزیہ کار یشپال سنگھ کے مطابق امریکہ اور ایران کے وفود اسلام آباد میں مذاکرات کریں گے اور پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے گا، جو اس کی سفارتی اہمیت کو مزید بڑھاتا ہے۔
بھارتی اخبار Hindustan Times سمیت دیگر میڈیا اداروں نے بھی مودی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے حکومت کی سفارتکاری کو کمزور، غیر مؤثر اور نمائشی قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق بھارت کی انتہاپسندانہ پالیسیوں اور دعوؤں کے برعکس پاکستان نے عملی سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مضبوط بنایا ہے، جبکہ بھارت بتدریج سفارتی تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔












جمعہ 10 اپریل 2026 