میلانیا ٹرمپ کی جیفری ایپسٹین سے تعلقات کی تردید

Calender Icon جمعہ 10 اپریل 2026

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے جیفری ایپسٹین سے تعلقات کی تردید کردی۔

واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میلانیا ٹرمپ نے کہا اُن پر الزامات جھوٹ اور کردار کُشی ہیں۔ امریکی خاتون اول نے ایپسٹین اسکینڈل کے متاثرین کےلئے کانگریس سے کھلی سماعت کا مطالبہ بھی کردیا۔

میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات فوری طور پر بند ہونی چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر برسوں سے ان سے متعلق جعلی تصاویر اور بیانات گردش کر رہے ہیں، جن پر یقین کرنے سے گریز کیا جائے۔

میلانیا ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ نہ تو ایپسٹین کی متاثرہ تھیں اور نہ ہی انہوں نے ان کا تعارف ڈونلڈ ٹرمپ سے کروایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے شوہر سے ایپسٹین سے ملاقات سے 2 سال قبل ہی مل چکی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ایپسٹین کی جانب سے متاثرین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا کبھی علم نہیں رہا اور نہ ہی وہ کسی طور اس میں شامل رہیں۔