سابق امریکی سفارت کار نے پاکستان سے حسد میں مبتلا بھارتی اینکر کولائیو شو میں کھری کھری سُنادیں

Calender Icon ہفتہ 11 اپریل 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق امریکی سفارت کار جیفری گنٹر نے ایک بھارتی اینکر کو لائیو شو کے دوران سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار پر غیر ذمہ دارانہ سوالات اٹھانا افسوسناک ہے۔

لائیو پروگرام میں گفتگو کے دوران بھارتی اینکر کی جانب سے پاکستان میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سکیورٹی پر سوال اٹھایا گیا، جس پر جیفری گنٹر نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ امریکی نائب صدر پاکستان میں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور بھارتی میڈیا کا طرز عمل غیر سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی حساس ہے جس کا تعلق انسانی جانوں، روزگار اور عالمی معیشت سے ہے، لہٰذا اسے غیر ضروری تنازع کا رنگ دینا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا اس نازک صورتحال کو بھارت-پاکستان تنازع میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو قابل افسوس ہے۔

سابق امریکی سفارتکار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارتی میڈیا کے اس رویے پر تو انہیں بطور سزا کچھ دیر کے لیے کمرے میں بند کر دینا چاہیے تاکہ وہ اپنی غیر ذمہ دارانہ روش پر غور کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو بے بنیاد بحث و مباحثے کے بجائے جنگ بندی جیسے مثبت اقدام کو سراہنا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق امن مذاکرات جیسے حساس معاملے کو متنازع بنانا خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کی کوششیں خود بعض حلقوں کی سفارتی مشکلات کو ظاہر کرتی ہیں۔