MAMMTA پروگرام کے دائرہ کار میں اضافہ، مزید مریض مستفید ہوں گے

Calender Icon پیر 13 اپریل 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اللہ والے فاؤنڈیشن (AWF) نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے فلیگ شپ MAMMTA پروگرام کو وفاقی دارالحکومت تک وسعت دے دی ہے۔

اس اقدام کے تحت اسلام آباد کے تین بڑے سرکاری ہسپتالوں میں حاملہ خواتین کو بہتر طبی اور غذائی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن کا خاص مقصد خون کی کمی (اینیمیا) اور غذائی قلت کا خاتمہ ہے۔اس شراکت داری کے ذریعے ان ہسپتالوں میں آنے والی حاملہ خواتین کو ڈاکٹروں کے مشورے سے غذائی سپلیمنٹس اور ضروری ادویات فراہم کی جائیں گی تاکہ زچگی کے دوران صحت کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

مزید برآں، ماہر نیوٹریشنسٹ پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم ذاتی رہنمائی، باقاعدہ فالو اپ اور طبی معائنے میں سہولت فراہم کرے گی، جس سے علاج کے تسلسل کو مضبوط بنایا جائے گا۔یہ مؤثر اقدام ممبر قومی اسمبلی ۔صدر شعبہ خواتین ونگ اسلام اباد پاکستان مسلم لیگ (ن)( ۔محترمہ فرح ناز اکبر، رکن قائمہ کمیٹی برائے صحت، کی خصوصی کاوشوں سے ممکن ہوا، جنہوں نے وزارتِ قومی صحت، ضوابط و رابطہ (MoNHSRC) اور اللہ والے فاؤنڈیشن کے درمیان اشتراک کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مزیدپڑھیں:بل گیٹس فائونڈیشن کا تعاون، مکمل انسدادپولیو کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم

اس شراکت داری کے باضابطہ آغاز کے لیے آج ایک لیٹر آف انڈرسٹینڈنگ (LoU) پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر وزارتِ قومی صحت کے سیکریٹری کی نمائندگی کرتے ہوئے مسٹر اسلم غوری اور اللہ والے فاؤنڈیشن کی جانب سے مسٹر شاہد لون نے دستخط کیے، جبکہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS)، پولی کلینک ہسپتال، اور فیڈرل جنرل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں اداروں کے نمائندگان نے پاکستان بھر میں ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدام کمزور طبقات میں غذائی قلت اور خون کی کمی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اللہ والے فاؤنڈیشن اپنے دائرہ کار اور اثر کو مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ کوئی بھی ماں یا بچہ ضروری طبی اور غذائی سہولیات سے محروم نہ رہے۔