اسلام آباد عالمی امن کا مرکز؛ امریکہ ،ایران مذاکرات کا دوسرا دور رواں ہفتے متوقع

Calender Icon منگل 14 اپریل 2026

امریکہ اور ایران کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی (diplomatic)کوششیں رنگ لانے لگی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے رواں ہفتے دوبارہ اسلام آباد پہنچ سکتے ہیں، جس سے خطے میں دیرپا امن کی امیدیں پیدا ہو گئی ہیں۔

امریکی خبر ایجنسی نے پاکستانی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی باقاعدہ پیشکش کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ اہم مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک کے وفود اہم حل طلب معاملات پر بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔

مزید پڑھیں:جنگ جاری رہی تو نئے ہتھیار سامنے لائیں گے، پاسداران انقلاب

امریکہ کے نائب صدرجے ڈی وینس نے ان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ان دو ممالک کے درمیان ثالثی کر کے حقیقی قیادت اور مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے جو ایک طویل عرصے سے سنجیدہ بات چیت سے کتراتے رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، تہران اور واشنگٹن کے درمیان پاکستان کا ثالثی کا کردار نہ صرف ملکی خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کے ‘امن ساز (Peace Maker) کے امیج کو بھی تقویت ملی ہے۔ امریکی نائب صدر کا بیان اس بات کا اعتراف ہے کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت خطے کو ایک بڑے تنازع سے بچانے کے لیے انتہائی سنجیدہ اور بااثر کردار ادا کر رہی ہے۔