کراچی میں بڑھتی وارداتیں، دیپک پروانی 3 ماہ میں 3 بار لٹ گئے

Calender Icon بدھ 29 اپریل 2026

معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی(deepak perwani) نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران کراچی میں 3 بار ڈکیتی کا شکار ہو چکے ہیں، جن میں گاڑی، موٹر سائیکل اور نقدی اسلحے کے زور پر چھین لی گئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صورتِ حال صرف مجھ تک محدود نہیں بلکہ میرے عملے کے افراد بھی جرائم کا نشانہ بن رہے ہیں۔

فیشن ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ ایک ملازم کے گھر میں اسی ماہ 2 بار چوری ہوئی جبکہ ایک اور ملازم کے بیٹے کو بھتہ نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔


انہوں نے لکھا ہے کہ کراچی میں جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، لوگ مر رہے ہیں اور مہنگائی عروج پر ہے۔

اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے ردِعمل دیا اور شہر میں امن و امان کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزیدپڑھیں:گوری سپراٹ کیساتھ خود کو مکمل محسوس کرتا ہوں: عامر خان

بعض صارفین نے کراچی کی صورتِ حال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے جبکہ دیگر نے حکام سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ دیپک پروانی پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنرز میں شمار ہوتے ہیں، جو متعدد ایوارڈز جیت چکے ہیں اور دنیا کا سب سے بڑا کرتا ڈیزائن کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔