مہنگائی میں ہفتہ وار اضافہ، سالانہ شرح 14.52 فیصد تک پہنچ گئی

Calender Icon جمعہ 1 مئی 2026

ادارۂ شماریات(Statistical Office) نے مہنگائی سے متعلق اپنی تازہ ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں قیمتوں میں مجموعی طور پر 0.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 14.52 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 51 ضروری اشیاء میں سے 14 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں پیٹرول 7.18 فیصد اور ڈیزل 7.53 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح آٹے کی قیمت میں 4.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آلو 1.39 فیصد اور بریڈ 0.75 فیصد مہنگی ہوئی۔ دال مونگ اور واشنگ سوپ کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔
دیگر مہنگی ہونے والی اشیاء میں مٹن، بیف، کیلے، تازہ دودھ اور سگریٹ شامل ہیں، جن کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر 17 فیصد اور چکن 6 فیصد سستا ہوا، جبکہ لہسن 2.38 فیصد سستا ہوا۔ بجلی کے چارجز میں بھی 0.94 فیصد کمی آئی۔ اس کے علاوہ دال ماش، ایل پی جی، چاول، انڈے، دال چنا اور دال مسور کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کوکنگ آئل، گُڑ، لال مرچ پاؤڈر، جلانے کی لکڑی، ماچس اور ٹیلی فون کال چارجز کی قیمتیں بدستور مستحکم رہیں۔