حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی،انجینئرامیرمقام

Calender Icon اتوار 3 مئی 2026

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران و صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام (Amir Muqam)نے عالمی یومِ آزادیٔ صحافت (3 مئی) کے موقع پر کہا ہے کہ یہ دن آزادیٔ اظہار، معلومات تک رسائی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کی تجدید کا مظہر ہے۔ 1993 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی منظوری سے شروع ہونے والا یہ دن صحافیوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک آزاد، ذمہ دار اور بااختیار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کا بنیادی ستون ہے، جو شفافیت، احتساب اور عوامی آگاہی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے صحافی برادری، بالخصوص خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات کے باوجود پیشہ ورانہ دیانت داری کے ساتھ عوامی مسائل کو اجاگر کر رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صحافیوں کے تحفظ، آزادیٔ اظہار اور معلومات تک رسائی کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ موجودہ دور میں فیک نیوز اور غیر مصدقہ اطلاعات کے چیلنجز کے پیشِ نظر ذمہ دار صحافت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔