آرٹس کونسل پاکستان میں تین روزہ ’آرٹس المنائی فیسٹیول 2026‘ کا شاندار آغاز

Calender Icon ہفتہ 9 مئی 2026

کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان (Arts Council of Pakistan) کے زیر اہتمام تین روزہ ’آرٹس المنائی فیسٹیول 2026‘ کا رنگا رنگ افتتاح کر دیا گیا، جہاں فن، موسیقی اور ثقافت سے جڑی شخصیات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فیسٹیول کا افتتاح معروف مزاح نگار اور دانشور انور مقصود نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ ’المنائی آرٹ نمائش‘ کی ربن کاٹ کر کیا۔

تقریب میں آرٹس کونسل کے نائب صدر منور سعید، سیکرٹری اعجاز فاروقی، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات، المنائی اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

احمد پرویز آرٹ گیلری میں منعقدہ نمائش میں 19 طلبہ کے تخلیق کردہ 31 منفرد فن پارے پیش کیے گئے، جنہوں نے شائقینِ فن کی بھرپور توجہ حاصل کی۔

میٹ گالا میں لباس پر تنازع کے بعد بھارتی ماڈل بھاویتا منڈاوا کا جذباتی بیان سامنے آ گیامزید پڑھیں؛

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ آج نوجوان فنکاروں کے لیے خوشی اور کامیابی کا دن ہے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے کام کی پہلی نمائش 1958 میں ہوئی تھی، جبکہ معروف مصور صادقین کے فن پاروں کی پہلی نمائش 1957 میں منعقد ہوئی تھی۔ انہوں نے نوجوان فنکاروں کے فن اور ان کے کام کی قدر میں اضافے پر خوشی اور حیرت کا اظہار بھی کیا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے خطاب میں فیکلٹی ہیڈز اور نوجوان ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے محدود وسائل سے آغاز کیا تھا، مگر آج یہاں بے مثال صلاحیتیں سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

تین روزہ ’آرٹس المنائی فیسٹیول‘ 10 مئی تک جاری رہے گا، جس میں تھیٹر، موسیقی، کلاسیکل اور فوک ڈانس، لائیو پرفارمنس، آرٹ نمائشوں اور مکالماتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔