معرکۂ حق میں پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، وزیراعظم شہباز شریف

Calender Icon ہفتہ 9 مئی 2026

وزیراعظم شہباز شریف (Shahbaz Sharif) نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کا دن اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قومی اتحاد پر شکر ادا کرنے کا دن ہے، جس میں پاکستان نے دشمن کو مؤثر اور عبرتناک جواب دیا۔

معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے محافظ فولادی دیوار بن کر ملک کے دفاع میں ڈٹے رہے اور قوم اُن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذ پر مسلح افواج نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر قوت ثابت کیا۔ پاکستانی قوم نہ کبھی دباؤ میں آئی ہے اور نہ ہی اسے جھکایا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی اور ملکی دفاع ہر سطح پر مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

مزید پڑھیں؛بھارت نے جدید اگنی میزائل کا ایک اور تجربہ کر لیا

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، ایئر چیف مارشل اور نیول چیف کی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، جبکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی دنیا بھر میں سراہا گیا۔