پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی برطانوی وزیرمملکت اسٹیفن ڈاؤٹی سے ملاقات کے دوران دوطرفہ اسٹریٹجک روابط اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لندن: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانوی وزیر مملکت برائے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان و پاکستان اسٹیفن ڈاؤٹی سے لندن میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی تعاون اور دیگر مشترکہ شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل اسٹریٹجک روابط انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں اور مثبت پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔
ملاقات کے بعد اپنے پیغام میں ٹیپو عثمان نے کہا کہ برطانوی وزیر اسٹیفن ڈاؤٹی کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی صورتحال اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک روابط کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈاؤٹی نے بھی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور برطانیہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور امیگریشن سے متعلق مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کو مضبوط شراکت دار قرار دیا۔
مزید پرھیں:ایشین گیمز ہاکی سیمی فائنل: بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ مثبت روابط کو مزید آگے بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔













جمعرات 1 اکتوبر 2026 

