جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، 11 منزلہ عمارت سے گر کر 4 سالہ بچہ معجزاتی طور پر زندہ بچ گیا

Calender Icon اتوار 10 مئی 2026

ایک بچہ بلند و بالا عمارت سے گرنے کے باوجود کرشماتی طور پر زندہ بچنے میں کامیاب ہوگیا۔یہ واقعہ چین کے صوبے لیاؤننگ کے علاقے Dalian میں سامنے آیا۔ 4 سالہ بچہ ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی 11 ویں منزل کی کھڑکی سے نیچے گرا تھا۔

گرنے کے بعد جب بچے کو ہوش آیا تو اس نے ماں کو روتے ہوئے بتایا کہ وہ کھڑکی پر اس لیے چڑھ گیا تھا کیونکہ وہ ماں کو یاد کر رہا تھا اور گھر واپس آتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا۔

شیاؤمنگ نامی یہ بچہ 11 اپریل کو اس وقت گھر میں اکیلا تھا اور والدین سامان کی ڈیلیوری کے لیے باہر گئے ہوئے تھے۔بچے کی والدہ نے بتایا کہ انہوں نے جلد گھر واپسی کا منصوبہ بنایا تھا اور انہیں یقین تھا کہ بچہ محفوظ رہے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے دروازہ لاک کر دیا تھا اور کھڑکی کا شیشہ بھی بند کیا تھا جبکہ گھر میں لگے کیمرے سے ہم کسی بھی وقت بچے کو دیکھ سکتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مگر کسی طرح بچے نے کھڑکی کا شیشہ کھول لیا۔

2 گھنٹے بعد جب شیاؤنگ کے والد گھر لوٹے تو انہوں نے دریافت کیا کہ بیٹا غائب ہے اور وہ اسے دیکھنے نیچے گئے تو معلوم ہوا کہ رہائشی عمارت کے فرش پر لیٹا ہوا ہے۔

وہ بھاگتے ہوئے بچے کے باس گئے اور اسے قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک قرار دی۔اس کی متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں جبکہ جگر، پھیپھڑوں اور گردوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

والد نے بتایا کہ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچے کے بچنے کا امکان محض 5 فیصد ہے اور جب ہم نے یہ سنا تو ایسا لگا کہ آسمان ہمارے اوپر گر گیا ہے۔

خوش قسمتی سے 18 دن بعد شیاؤمنگ کی حالت بہتر ہوگئی اور اسے آئی سی یو سے عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ابھی بھی اس کا علاج چل رہا ہے۔والدین پراعتماد ہیں کہ ان کا بیٹا جلد صحتیاب ہو جائے گا اور وہ اس کے زندہ بچنے کو کرشمہ قرار دیتے ہیں۔