بنگلہ دیش کے خلاف میرپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے سلو اوور ریٹ کی پاداش میں قومی ٹیم پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 40 فیصد کاٹ لیا ہے۔ میچ ریفری کے مطابق پاکستان نے مقررہ وقت میں 8 اوورز کم کیے، جس پر یہ کارروائی کی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق اس خلاف ورزی کے باعث نہ صرف مالی جرمانہ عائد کیا گیا بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) پوائنٹس ٹیبل پر بھی پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا ہے، جہاں قومی ٹیم کے 8 اہم پوائنٹس کاٹ لیے گئے ہیں۔ یہ صورتحال فائنل کی دوڑ میں پاکستان کے امکانات کے لیے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:رنبیر کپور کی ایودھیا میں 3.31 کروڑ کی زمین خرید، بھارتی میڈیا میں ہلچل
یاد رہے کہ میرپور میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔ 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ صرف 3 رنز پر گر گئی۔ اس کے بعد اذان اویس 15 اور کپتان شان مسعود صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ فضل نے 66 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ سلمان آغا نے 26 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سعود شکیل 15، حسان خان 12 اور حسن علی ایک رن کے ساتھ نمایاں نہ ہو سکے۔
بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 413 رنز کا بڑا اسکور بنایا جبکہ دوسری اننگز 240 رنز پر ڈیکلیئر کر دی۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز بنائے تھے تاہم مجموعی طور پر میزبان ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ اپنے نام کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں کپتان نجم الحسن شنتو 87 اور مومن الحق 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے تین، تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔












جمعہ 15 مئی 2026 