ایران کو پُرامن جوہری پروگرام کا حق حاصل ہے، روس کا واضح مؤقف

Calender Icon پیر 18 مئی 2026

روس (Russia) نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایران کو پُرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی کا مکمل حق حاصل ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کا رکن ہے، اس لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت اسے سول اور پُرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودہ کرنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جس حل پر متفق ہوں گے، روس اس کی حمایت کرے گا۔

مزید پڑھیں؛ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ میں رابطہ، خطے کی صورتحال پر مشاورت

روس ماضی میں بھی ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے نسبتاً نرم مؤقف اختیار کرتا رہا ہے اور 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کی حمایت کرتا آیا ہے۔

دوسری جانب امریکا اور اسرائیل مسلسل یہ مؤقف اپناتے رہے ہیں کہ ایران کی یورینیم افزودگی مستقبل میں جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت پیدا کر سکتی ہے۔

تاہم ایران ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف بجلی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔