وزیراعظم شہباز شریف اور اے آئی آئی بی کے صدر کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق

Calender Icon پیر 18 مئی 2026

شہباز شریف (Shahbaz Sharif) سے ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر زوجیائی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی ترقی میں اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری ملکی ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے انتہائی اہم ہے۔

مزید پڑھیں؛ایران کو پُرامن جوہری پروگرام کا حق حاصل ہے، روس کا واضح مؤقف

ملاقات کے دوران ریلوے، زراعت، زرعی صنعت، علاقائی روابط اور انفرااسٹرکچر کی بہتری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی، مقامی توانائی وسائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھانے پر بات ہوئی۔

اے آئی آئی بی کے صدر زوجیائی نے کہا کہ بینک پاکستان کے اسٹریٹجک شعبوں میں منظم اور مؤثر معاونت فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بینک پاکستان کے ساتھ ریلوے، شاہراہوں، علاقائی اور سرحد پار روابط، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور شہری و دیہی ترقی کے منصوبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے گا۔