پاکستان میں 4 ویلر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا آغاز جلد متوقع،معاہدہ طے پاگیا

Calender Icon منگل 19 مئی 2026

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں (Electric vehicles)کی صنعت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقامی سطح پر ای وی ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے کے لیے دو بڑی کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری قائم کر دی گئی ہے۔

مارگلہ ہیوی انڈسٹریز اور جولٹا الیکٹرک کا معاہدہ

مارگلہ ہیوی انڈسٹریز اور جولٹا الیکٹرک کے درمیان الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے مشترکہ منصوبے پر باضابطہ دستخط ہو گئے۔ اس معاہدے کو پاکستان میں ای وی انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلیٰ سطحی قیادت کی موجودگی میں دستخط

معاہدے پر جولٹا الیکٹرک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد اور مارگلہ ہیوی انڈسٹریز کے سی ای او احسن ندیم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہزیب امجد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

سرکاری اور نجی شعبے کے لیے الیکٹرک گاڑیاں

مشترکہ منصوبے کے تحت تیار کی جانے والی الیکٹرک گاڑیاں سرکاری اداروں، کارپوریٹ سیکٹر اور نجی صارفین کو فراہم کی جائیں گی۔ اس سے ملک میں صاف توانائی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

مزیدپڑھیں:ہاردک پانڈیا کی دوسری شادی کی افواہیں

جدید بیٹری سسٹم پر بھی کام جاری

منصوبے میں جدید “سواپیبل بیٹری ایکو سسٹم” کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، جس سے چارجنگ کے بجائے فوری بیٹری تبدیلی ممکن ہو سکے گی اور استعمال میں آسانی پیدا ہوگی۔

تین سے چار ویلر ای وی کی توسیع

ابتدائی مرحلے میں دو اور تین ویلر الیکٹرک گاڑیوں کے بعد اب اس منصوبے کو مزید وسعت دیتے ہوئے چار ویلر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری بھی شروع کی جائے گی، جو پاکستان میں ای وی انڈسٹری کے لیے ایک بڑی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔