اسد قیصر کا الزام: ایک جماعت کو روکا جا رہا ہے، دیگر کو اجازت دینا سیاسی تفریق ہے

Calender Icon ہفتہ 30 مئی 2026

پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے رہنما اسد قیصر نے مصطفیٰ نواز کھوکھر اور نور الحق قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں گلگت بلتستان جانے سے روکا گیا، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو وہاں جانے کی اجازت دی گئی۔

اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب پولیس نے انہیں گلگت بلتستان جانے سے روکا، حالانکہ وہ قومی اسمبلی کے رکن اور سابق اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ایک سیاحتی اور کھلا خطہ ہے جہاں ملک اور دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں، اس لیے سیاسی رہنماؤں کی آمد و رفت پر پابندیاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک جماعت کو روک کر دیگر کو اجازت دینا کھلی سیاسی تفریق ہے۔ اسد قیصر نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، بصورت دیگر انہیں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں؛پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی میں اختلافات، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اجلاس طلب کر لیا

اس موقع پر انہوں نے جنید اکبر کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کے حق کو آزادانہ طور پر استعمال کریں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث ہزاروں افراد کو سخت گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ ان کے مطابق ملک میں معاشی صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو رہی ہے اور عوام کو بجٹ کے باوجود ریلیف نہیں ملا۔

نور الحق قادری نے کہا کہ اسد قیصر کو گلگت بلتستان جانے سے روکنا پری پول رگنگ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقے وہاں سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور اپنے فیصلے خود کریں گے۔