کراچی میں پاکستان ریلویز (Pakistan Railways) نے انسداد تجاوزات مہم کے دوران ایک بڑا آپریشن کرتے ہوئے 1 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرا لی۔
ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق یہ کارروائی کراچی ڈویژن میں کی گئی، جس کے دوران اولڈ کراچی سرکلر ریلوے لائن کے علاقے، دیہ دوزان اور ڈاؤ اسپتال (او جھا کیمپس) کے قریب واقع 2.72 ایکڑ ریلوے زمین کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کرایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اراضی کراچی سرکلر ریلوے کے منظور شدہ کوریڈور کا حصہ ہے اور قانونی طور پر پاکستان ریلویز کی ملکیت ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس جگہ پر نجی تعمیراتی سرگرمیاں جاری تھیں اور زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں؛پاکستانی فری لانسرز نے علاقائی حریف ممالک کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا
کارروائی اس وقت کی گئی جب عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں 25 مئی 2026 کو اسٹیٹس کو آرڈر میں توسیع نہ ہوئی، جس کے بعد ریلوے حکام نے قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کیا۔
آپریشن کی نگرانی ایس پی ریلویز کراچی نے کی جبکہ ریلوے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران 12 افراد کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ مہم وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ہدایات پر جاری ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں ریلوے کی قیمتی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ قومی اثاثوں پر غیر قانونی قبضے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔












ہفتہ 30 مئی 2026 