سال بھر میں 40 ہزار مسافروں کو آف لوڈ کیا، اے ڈی جی نعمان صدیقی

Calender Icon اتوار 31 مئی 2026

اسلام آباد(صغیر چوہدری)ایک سال کے دوران ایف آئی اے امیگریشن حکام (immigration officials)نے تقریباً 40 ہزار کے قریب مسافروں کو آف لوڈ کیا ۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیگریشن ایف آئی سے نعمان صدیقی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ ایف آئی اے نے 2025 کے دوران مختلف انٹیلی جنس معلومات اور رسک اینالسز کی بنیاد پر 39 ہزار 786 مسافروں کو بیرونِ ملک سفر سے روکا۔

جس کا مقصد غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام تھا انہوں نے کہا کہ آف لوڈنگ کے فیصلے من مانی نہیں بلکہ امیگریشن خدشات، مشتبہ سفری رجحانات، دستاویزات کی جانچ اور متعلقہ ممالک کی شرائط کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برسوں میں غیر قانونی ہجرت سے جڑے حادثات میں تقریباً 460 پاکستانی متاثر ہوئے، جن میں 377 افراد جاں بحق ہوئے نعمان صدیقی کے مطابق دسمبر 2024 سے اب تک انسانی اسمگلنگ کے دھندے میں ملوث انسانی سمگلرز کے خلاف 2 ہزار 421 مقدمات درج کیے گئے۔

جبکہ 3 ہزار 130 ایجنٹ گرفتار کیے گئے۔ اس دوران کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد ضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں بھیک مانگنے اور جعلی دستاویزات کے باعث ملک بدری کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم، وزیر داخلہ اہم ملاقات،گلگت الیکشن، سکیورٹی پر گفتگو

جبکہ مختلف ممالک سے پاکستانیوں کی ملک بدری میں بھی 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے ایف آئی اے نے زونل دفاتر میں پری ڈیپارچر فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیے ہیں۔

جہاں شہری سفر سےقبل اپنی دستاویزات کی تصدیق کرا سکتے ہیں شکایات اور رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن بھی دستیاب ہے۔