درفشاں سلیم کا حج کے بعد جذباتی پیغام،اداکارہ نے حج کو زندگی کا یادگار ترین تجربہ قرار دے دیا

Calender Icon پیر 1 جون 2026

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم(Darfashan Saleem) نے فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی اور روحانی تجربے پر مبنی پیغام شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے ساتھ اس مقدس سفر کی یادیں بیان کی ہیں۔

انسٹاگرام پر جاری کی گئی اپنی پوسٹ میں درفشاں سلیم نے حج کے سفر کو صبر، شکر اور اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسے کا ایک منفرد اور یادگار تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ سفر ان کی زندگی کے سب سے اہم اور بامقصد لمحات میں شامل ہو گیا ہے، اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں اپنے والدین کے ساتھ اس سعادت کا موقع ملا۔

اداکارہ کے مطابق اس روحانی سفر کے دوران ان کے والدین نے غیر معمولی صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا، جبکہ وہ خود بھی رمی کے پہلے ہی دن طبیعت کی ناسازی کا شکار ہو گئی تھیں۔ اس کے باوجود انہوں نے حج کے تمام مناسک مکمل کیے اور اس دوران انہیں صبر اور برداشت کا عملی درس حاصل ہوا۔

درفشاں سلیم نے اپنی پوسٹ میں مختلف ممالک سے آنے والی خواتین حجاج سے ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق مختلف ثقافتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ساتھ عبادات، دعاؤں اور جذباتی لمحات کا اشتراک ان کے لیے انتہائی خوبصورت اور یادگار تجربہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حج کے دوران انہیں دین کو صرف نظری طور پر نہیں بلکہ عملی طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Durefishan Saleem (@durefishans)

مزیدپڑھیں:بندر وکیل کا 2 لاکھ روپے سے بھرا بیگ چھین کر درخت پر چڑھ گیا

اداکارہ نے مزید لکھا کہ وہ اس روحانی تجربے کو مکمل طور پر الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں، تاہم وہ اس بات کو شدت سے محسوس کر رہی ہیں کہ یہ سفر ان کے اندر ایک گہری تبدیلی لے کر آیا ہے۔ ان کے مطابق وہ کئی برسوں سے اپنے دل میں مختلف جذبات اور بوجھ لیے ہوئے تھیں، جن سے انہیں اس مقدس سفر نے نجات دلائی۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ حج نے انہیں دنیاوی وابستگیوں سے ہٹ کر اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے اور خود کو مکمل طور پر اس کے سپرد کرنے کا درس دیا ہے، جسے وہ اپنی آئندہ زندگی میں ہمیشہ یاد رکھنے کی کوشش کریں گی۔

اداکارہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ جسمانی طور پر وہ تھکن اور کمزوری محسوس کر رہی ہیں، لیکن روحانی طور پر ان کا دل پہلے سے زیادہ پُرسکون اور مطمئن ہے۔ انہوں نے آخر میں دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے دعا بھی کی کہ اللہ تعالیٰ ہر صاحبِ استطاعت کو حج کی سعادت نصیب فرمائے اور یہ مقدس سفر ہر انسان کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے۔

ان کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔