سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز

Calender Icon پیر 1 جون 2026

کراچی میں سندھ ہائیکورٹ(Sindh High Court) اور صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے، جو 2 اگست تک جاری رہیں گی۔ اس دوران عدالتی نظام کو محدود دائرہ کار میں فعال رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

عدالتی ذرائع کے مطابق تعطیلات کے باوجود فوری نوعیت اور اہم مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی بینچز تشکیل دے دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ہنگامی قانونی معاملات میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق تعطیلات کے دوران خصوصی بینچز روزانہ صبح 9:30 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقدمات کی سماعت کریں گے، جبکہ عدالتی اور دفتری امور کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی میں ہائیکورٹ کے مرکزی بینچ کے ساتھ ساتھ حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر کے سرکٹ بینچز میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ صوبے بھر میں عدالتی سہولیات متاثر نہ ہوں۔

اہم آئینی نوعیت کے مقدمات اور درخواستوں کی سماعت کے لیے جسٹس سلیم جسر کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ اسی طرح اہم اور فوری نوعیت کے ریگولر کیسز کے لیے جسٹس ارشد حسین خان کی سربراہی میں بھی دو رکنی بینچ کام کرے گا۔

مزیدپڑھیں:رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل 2026 کا ٹائٹل جیت لیا

اس کے علاوہ جسٹس عمر سیال اور جسٹس یوسف علی سعید الگ الگ سنگل بینچز میں ارجنٹ نوعیت کے مقدمات کی سماعت جاری رکھیں گے۔

عدالتی حکام کے مطابق عام نوعیت کے مقدمات کی سماعت تعطیلات کے دوران ملتوی رہے گی، تاہم شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضمانت، حکم امتناع اور دیگر ہنگامی درخواستوں پر روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

یہ انتظامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں کہ عدالتی نظام تعطیلات کے باوجود مؤثر اور فعال انداز میں کام کرتا رہے۔