وفاقی بجٹ 27-2026ء کی دستاویزات پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دی گئیں۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے وفاقی بجٹ(Budget) کی دستاویزات پارلیمنٹ ہاؤس پہنچائی گئی ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر و باہر غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات
پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، اسلام آباد اور پنجاب پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز بھی تعینات کی گئی ہے۔
اپوزیشن نے آج بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
پارلیمنٹ کے اندر احتجاج کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ ساڑھے 17 ہزار ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔
مزیدپڑھیں:بجٹ 27-2026ء: آئندہ مالی سال کیلئے بڑے اور ترجیحی منصوبوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں
اگلے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس ریونیو کا ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے ہو گا، قرضوں پر سود ادا کرنے کے لیے 7 ہزار 824 ارب روپے کی بھاری رقم مختص کی گئی ہے جبکہ دفاعی بجٹ کے لیے 3 ہزار ارب روپے رکھے جائیں گے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کا امکان ہے جبکہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1 ہزار 727 ارب روپے وصول کرنے کا پلان بھی بنایا گیا ہے۔
کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا، پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو گا جبکہ سابق فاٹا کا ٹیکس استثنیٰ ختم کیے جانے کا امکان ہے۔












جمعہ 12 جون 2026 