اسلام آباد : حکومت نے 9 نومبر کو یومِ اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل(holiday) کا اعلان کر دیا، چھٹی کے باعث سرکاری و نجی ملازمین کو طویل ویک اینڈ میسر آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 9 نومبر کو تمام سرکاری و نجی ادارے، تعلیمی ادارے اور بینکس بند رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن نے اس نوٹیفکیشن کی کاپی تمام وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی ہے۔
پیر کے روز چھٹی آنے کے باعث ملازمین کے لیے ہفتہ وار تعطیلات کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کرنے والے دفاتر کے ملازمین 7 نومبر سے 9 نومبر تک مسلسل 3 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔
جن اداروں میں صرف اتوار کی چھٹی ہوتی ہے، وہاں کے ملازمین کو اتوار اور پیر کی صورت میں مسلسل 2 چھٹیاں ملیں گی۔
واضح رہے کہ ہر سال 9 نومبر کو مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے فلسفے، فکر اور تحریکِ پاکستان میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ اقبال پرجوش انداز میں منایا جاتا ہے۔













جمعرات 5 نومبر 2026 

