انجمن تاجران کی حکومت کی جانب سے نافذ ایک فیصد ٹرن اوور(Turnover) ٹیکس مکمل مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا چھوٹے تاجروں کو 10 کروڑ روپے تک کے ٹرن اوور پر 1 فیصد ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران نے وفاقی مالیاتی بجٹ میں چھوٹے تاجروں پر نافذ کیے جانے والے 1 فیصد ٹرن اوور ٹیکس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اسے فوری واپس لینے یا استثنیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا۔
صدر انجمن تاجران کراچی جاوید شمس نے بجٹ پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مالیاتی بجٹ نے چھوٹے تاجروں کی تمام امیدیں توڑ دی ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیرِ مملکت نے تاجروں سے ہونے والے حالیہ مذاکرات میں کسی قسم کے ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کی بات نہیں کی تھی، اس لیے بجٹ میں اس ٹیکس کو شامل کرنا تاجر برادری کے ساتھ زیادتی ہے۔
تاجر رہنما جاوید شمس نے حکومت کے سامنے مطالبہ رکھا کہ چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے کے لیے 10 کروڑ روپے تک کے سالانہ ٹرن اوور پر اس 1 فیصد ٹیکس سے مکمل استثنیٰ دیا جائے۔
مزیدپڑھیں:جو کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں رہے گا: محسن نقوی کا اعلان
انہوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی کے خلاف نہیں ہے، بلکہ چھوٹے تاجر ملکی معیشت کا ایک اہم ستون ہیں اور ہم خود انہیں ٹیکس نیٹ میں لانا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے ایسے طریقے اپنانے چاہئیں جس سے کاروبار تباہ نہ ہوں۔
انھوں نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ زبردستی کے بھاری ٹیکس نافذ کرنے کے بجائے تاجروں کے تحفظات دور کرے تاکہ معاشی پہیہ چلتا رہے۔












ہفتہ 13 جون 2026 