کینسر کی مریضہ سے 27 کروڑ کے فراڈ پر ن لیگی ایم پی اے ثاقب (Saqib)کے خلاف 3 مقدمات درج کرادیے گئے، 27 کروڑ روپے مالیت کے 3 چیک ڈس آنر ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ثاقب چڈھر کے خلاف کروڑوں روپے مالیت کے چیک ڈس آنر ہونے اور دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت 3 مختلف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ مقدمات لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں ماہ رخ عارف نامی خاتون کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔
ایف آئی آرز کے مطابق، کیس میں مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے مالیت کے 3 چیکس کے ڈس آنر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
متاثرہ خاتون ماہ رخ عارف نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ کینسر کی مریضہ ہیں اور اپنے علاج و دیگر ضروریات کے لیے انہوں نے اپنی جائیداد بیچنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جائیداد کی فروخت کے لیے انہوں نے ن لیگی ایم پی اے ثاقب خان سے رابطہ کیا۔
مزیدپڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ
خاتون کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیوس روڈ پر واقع اپنی 60 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کا سودا ثاقب خان اور اکبر خان نامی دو ملزمان سے کیا، سودے کے متبادل کے طور پر ملزمان نے انہیں 9، 9 کروڑ روپے کے 3 چیک دیے، جن کی کل مالیت 27 کروڑ روپے بنتی ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ جب متاثرہ خاتون نے مذکورہ چیکس بینک میں جمع کروائے تو ملزمان کے بینک اکاؤنٹ میں رقم موجود نہ ہونے کے باعث تینوں چیک ڈس آنر (باؤنس) ہو گئے، جب خاتون نے ایم پی اے ثاقب خان اور دوسرے ملزم سے اپنے پیسوں کا مطالبہ کیا، تو ملزمان نے رقم واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
پولیس نے کینسر کی شکار خاتون کی مدعیت میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب خان اور ان کے ساتھی اکبر خان کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔












ہفتہ 13 جون 2026 