ٹرمپ نے 80ویں سالگرہ وائٹ ہاؤس میں یو ایف سی مقابلوں کے ساتھ منائی

Calender Icon منگل 16 جون 2026

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی 80ویں سالگرہ منفرد انداز میں منائی، جہاں وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں پہلی بار یو ایف سی (UFC) کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ہزاروں شائقین نے شرکت کی اور فائٹرز نے آکٹاگون پنجرے میں سنسنی خیز مقابلے پیش کیے۔

تقریب کے مرکزی مقابلے میں امریکی فائٹر جسٹن گیتھیے نے ہسپانوی-جارجیائی حریف ایلیا ٹوپوریا کو شکست دے کر لائٹ ویٹ چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ مقابلے کے دوران ٹوپوریا شدید زخمی ہو گئے اور وہ فائٹ جاری نہ رکھ سکے، جس کے بعد گیتھیے کو فاتح قرار دیا گیا۔

مقابلے کے اختتام پر صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ آکٹاگون میں داخل ہوئے اور فاتح فائٹر کو مبارکباد دی۔ جسٹن گیتھیے نے بھی صدر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

مزیدپڑھیں:جے پور میں احتجاج کے دوران کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل

صدر ٹرمپ نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تقریب کو “ناقابلِ یقین” قرار دیا اور کہا کہ وائٹ ہاؤس پہلے کبھی اتنا خوبصورت نظر نہیں آیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی یو ایف سی مقابلوں اور تنظیم کے سربراہ ڈینا وائٹ کی تعریف کی۔

یہ تاریخی تقریب امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ بھی تھی اور پہلی مرتبہ وائٹ ہاؤس میں کسی بڑے پیشہ ورانہ کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی۔