لبنان(Lebanon) پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت کے باعث آج صبح تک مزید 16 افراد شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی کارروائیوں کے باعث ایرانی وفد سوئٹزر لینڈ کے لیے روانہ ہی نہیں ہو سکا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق چیف مذاکرات کار باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سوئٹزر لینڈ روانگی کے لیے مکمل طور پر تیار تھے تاہم اسرائیلی جارحیت جاری رہنے کی وجہ سے ایرانی وفد کا دورہ آخری لمحات میں ملتوی کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا سے ملتوی کیے گئے مذاکرات کی نئی تاریخ یا مقام کا ابھی تک تعین نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل کی لبنان میں کارروائی حالیہ ہفتوں کی بدترین بمباری قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان آج سوئٹزر لینڈ میں ہونے والے مذاکرات منسوخ ہو گئے ہیں۔
مزیدپڑھیں:اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پورا لبنان جلا دینا چاہیے: اسرائیلی وزیر کا بیان
سوئس وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق برجنسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان طے شدہ مذاکرات اب نہیں ہوں گے۔
سوئس وزارتِ خارجہ کا یہ بیان امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سوئٹزر لینڈ روانگی مؤخر ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
سوئس وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کے لیے بدستور تیار ہے، برجنسٹاک میں متعلقہ تیاریوں کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق سوئس وزارت خارجہ نے مذاکرات کی نئی تاریخ سے متعلق معلومات فراہم نہیں کیں۔












جمعہ 19 جون 2026 