یکم جولائی سے ایئر بلیو پاکستان کی پہلی مکمل کیش لیس ایئر لائن بن جائے گی

Calender Icon جمعہ 19 جون 2026

یکم جولائی 2026 سے نجی ایئرلائن ایئر بلیو(Air Blue) پاکستان کی پہلی مکمل کیش لیس ایئر لائن بن جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف نجی ایئر لائن ‘ایئر بلیو’ نے اپنے کامیاب آپریشنز کے 22 سال مکمل ہونے پر ملک کی ہوا بازی کی تاریخ کا ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے خود کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔

یکم جولائی 2026 سے ایئر بلیو پاکستان کی پہلی مکمل کیش لیس ایئر لائن بن جائے گی۔

ایئر لائن انتظامیہ نے کہا کہ یکم جولائی سے ائیرلائن کی جانب سے ٹکٹوں کی بکنگ، کارگو یا کسی بھی سروس کے لیے کوئی بھی نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔

مزیدپڑھیں:22، 25 اور 29 جون کو کون کون سے علاقوں میں بجلی بند رہے گی؟ شیڈول جاری

ایئر بلیو کے تمام ادائیگی کے نظام اب مکمل طور پر ڈیجیٹل چینلز پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔

نئے طریقہ کار کے تحت مسافر اب اپنی ادائیگیاں ایئر لائن کی موبائل ایپ، آفیشل ویب سائٹ، آن لائن بینک ٹرانسفر، اور کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے کر سکیں گے۔

ایئر بلیو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس جدید کیش لیس نظام کو متعارف کرانے کا مقصد مسافروں کے لیے لین دین کو مزید محفوظ، تیز رفتار اور شفاف بنانا ہے، جو کہ عالمی ہوا بازی کے جدید ترین معیار کے عین مطابق ہے۔