جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبا کے لیے اسٹرکچرڈ انٹرن شپ پروگرام (Internship Program)کا اعلان کردیا گیا، طلبا کو لائیو ٹیکنالوجی منصوبوں پر کام کرنے کا عملی تجربہ حاصل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
اس معاہدے کا بنیادی مقصد تعلیمی مہارت اور جدید سیکیورٹی کے تقاضوں کو یکجا کرنا ہے۔
معاہدے کے تحت جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کے لیے بہترین مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔
کمپیوٹر سائنس کے تیسرے اور آخری سال کے طلبہ کو سی ٹی ڈی میں انٹرن شپ کے خصوصی پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔
طلبہ کو محض نظریاتی حد تک نہیں، بلکہ سی ٹی ڈی کے لائیو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل منصوبوں پر کام کرنے کا عملی تجربہ حاصل ہو سکے گا۔
اس مفاہمت کے تحت صرف طلبہ ہی نہیں، بلکہ سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکار بھی مستفید ہوں گے۔
مزیدپڑھیں:کراچی: نڈر شہری کی فائرنگ سے بوکھلا کر 6 ڈاکو موٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار
جامعہ کراچی کی جانب سے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی شارٹ کورسز، سرٹیفکیٹ کورسز اور ڈپلومہ پروگرامز شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دونوں اداروں کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے جامعات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا “نوجوانوں میں پرتشدد انتہا پسندی اور منفی سوچ کے خاتمے کے لیے جامعات سب سے بہترین اور مؤثر پلیٹ فارم ہیں۔”
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے واضع کیا کہ “آج کے دور میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ روایتی طریقوں سے نہیں جیتی جا سکتی۔ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اور اعلیٰ تربیت یافتہ ہونا ناگزیر ہو چکا ہے۔”












جمعہ 19 جون 2026 