بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار امتیاز علی(Imtiaz Ali) نے اپنی مشہور فلم جب وی میٹ کے بارے میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اسے کبھی بھی روایتی محبت کی کہانی نہیں سمجھتا تھا۔
ایک حالیہ گفتگو میں امتیاز علی نے بتایا کہ جب میں نے یہ فلم لکھی تو میں خود محبت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا تھا، اسی لیے فلم کو محبت کے بجائے دو اجنبی افراد کی باہمی تبدیلی اور جذباتی ارتقا کی کہانی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے اپنی پہلی فلم سوچا نہ تھا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوچا نہ تھا میں ویرن کی الجھن دراصل میری اپنی الجھن تھی، کبھی انسان ایک سمت میں آگے بڑھ رہا ہوتا ہے لیکن اس کا دل کسی اور طرف کھنچتا ہے، مجھے اس سوال کا جواب نہیں ملا، مگر میں نے اس پر فلم بنا دی۔
امتیاز علی نے کہا کہ میرے نزدیک جب وی میٹ بنیادی طور پر دو ایسے لوگوں کی کہانی ہے جو اجنبی کے طور پر ملتے ہیں اور وقت کے ساتھ ایک دوسرے سے متاثر ہو کر ایک دوسرے جیسے بن جاتے ہیں۔
ہدایت کار کا کہنا ہے کہ اس وقت میں محبت کے بارے میں کسی گہری سمجھ بوجھ کے ساتھ نہیں لکھ رہا تھا بلکہ انسانی جذبات اور تعلقات کو دریافت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
مزیدپڑھیں:5 منٹ کی ویڈیو کال پر شادی طے کرنیوالے چینی دولہا نے 9 دن بعد طلاق کی درخواست دائر کر دی
انہوں نے بتایا کہ اپنی ایک اور تخلیق ’میں واپس آؤں گا‘ پر کام کے دوران جب میں نے تقسیمِ ہند کے متاثرین سے ملاقات کی تو مجھے احساس ہوا کہ شدید تکالیف اور مصائب کے باوجود لوگوں کو زندہ رکھنے والی قوت دراصل ان کے دلوں میں موجود محبت تھی۔
واضح رہے کہ ’جب وی میٹ‘ 2007ء میں ریلیز ہونے والی ایک رومانوی کامیڈی ڈرامہ فلم تھی جسے امتیاز علی نے تحریر کیا اور ہدایت کاری کی تھی۔
فلم میں شاہد کپور نے آدتیہ کشیپ جبکہ کرینہ کپور نے گیت ڈھلوں کا یادگار کردار ادا کیا تھا، فلم کو آج بھی بالی ووڈ کی مقبول ترین کلاسک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔












ہفتہ 20 جون 2026 