امریکا نے ایران کی ورلڈ کپ فٹبال ٹیم کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کر دی

Calender Icon بدھ 24 جون 2026

امریکا نے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے عائد سفری پابندیوں میں جزوی نرمی کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں ایرانی اسکواڈ کو میچ سے دو روز قبل امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق ایرانی ٹیم کو اپنے اگلے ورلڈ کپ میچ سے قبل امریکا میں داخلے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے۔ ایران کا اگلا میچ جمعے کو مصر کے خلاف کھیلا جائے گا، جس کے لیے قومی اسکواڈ بدھ کے روزمیکسیکو کے شہر تیجوانا سے سیئٹل روانہ ہوگا۔

محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے واضح کیا ہے کہ پابندیوں میں نرمی صرف ٹورنامنٹ میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کی گئی ہے، تاہم ایرانی ٹیم کو میچ کے اختتام کے فوراً بعد امریکا چھوڑنا ہوگا اور اسے قیام میں توسیع کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں:تاریخ رقم، میسی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنیوالے فٹبالر بن گئے

امریکی حکام کے مطابق ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچوں کے دوران ایرانی ٹیم کو صرف ایک روز قبل امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب سفری انتظامات میں آسانی پیدا کرنے کے لیے یہ مدت بڑھا کر دو روز کر دی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی فیفا ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ ایرانی ٹیم کے پہلے دو دوروں کے دوران قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد اور انتظامی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سفری پابندیوں میں یہ محدود نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے ایران کی جانب سے میچ سے دو روز قبل داخلے کی درخواست مسترد کر دی تھی، تاہم بعد ازاں حالات کا جائزہ لینے کے بعد پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ایرانی اسکواڈ کو محدود مدت کے لیے اضافی سفری سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔