عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے نئی اور سخت ویزا شرائط جاری کردیں

Calender Icon بدھ 24 جون 2026

عراق نے پاکستانی زائرین کے لیے نئی اور سخت ویزا شرائط جاری کر دیں۔ وزارتِ داخلہ اور عراقی حکام کی جانب سے زائرین اور زیارت گروپ( (Ziyarat Groupآرگنائزرز کو نئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

عراقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے کسی بھی فرد کو عراق کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔ 50 سال سے کم عمر اکیلے مرد زائرین کے عراق میں داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

نئی پالیسی کے تحت عاشورہ اور اربعین کے لیے ایک ہی ویزا استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ زیارات کے لیے جاری ہونے والا عراقی ویزا صرف 30 دن کے لیے کارآمد ہوگا۔ ویزا مسترد ہونے یا ائیرپورٹ پر انٹری نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس کسی صورت واپس نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں:فیلڈ مارشل، لیبیا کے نائب کمانڈر انچیف ملاقات، فوجی تربیت میں تعاون پر اتفاق

پاکستان سے جانے والے زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے پر عراقی امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے۔ عراقی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ویزا کی معیاد سے زائد قیام کی صورت میں زائرین کو بھاری جرمانے، ملک بدری اور تاحیات عراق میں داخلے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔