پاکستان میں پیٹرول 22 اور ڈیزل 42 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان

Calender Icon جمعرات 25 جون 2026

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ایک ہفتے کے جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ تین ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں، جس کے باعث پاکستان میں درآمدی لاگت کم ہونے کی توقع ہے۔ اگر مجوزہ کمی کی منظوری دی جاتی ہے تو اس سے نہ صرف عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا بلکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی اخراجات کم ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر آنے والی لاگت میں بھی کمی آسکتی ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی آنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایندھن سستا ہونے سے معیشت کے مختلف شعبوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید پڑھیں:تیل پر عوامی ریلیف کی منتقلی میں پیٹرولیم لیوی بڑی رکاوٹ بن گئی

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 27 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔ اگر اس تجویز کی منظوری دی گئی تو ڈیزل کی قیمت میں صارفین کو ملنے والا ممکنہ ریلیف جزوی طور پر کم ہو سکتا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی رسد میں اضافے، خطے میں کشیدگی میں کمی اور مارکیٹ میں استحکام کے باعث سامنے آئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے متعدد ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں۔